اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے کیے جانے والے ہر اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔
یہ بات انہوں نے امریکی سفارتخانے کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں موجودہ علاقائی صورت حال پر بھی بات ہوئی، خاص طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر میں امریکی صدر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ ایک غیر معمولی اور مخلصانہ کوشش تھی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں بھی اگر اس قسم کی امن کی کوششیں جاری رہیں تو خطے میں مثبت تبدیلی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیر اور دیگر تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا حامی رہا ہے۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے بھی پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکا پاکستان کو ایک قریبی دوست اور اہم شراکت دار سمجھتا ہے، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم رکھتا ہے۔