بانڈ گرل تانیہ رابرٹس کی موت؟ کہانی نے نیا موڑ لے لیا، شوہر نے زندہ قرار دیدیا

Tanya Roberts’ devastated husband confirms Bond girl IS still alive
کیپشن: فائل فوٹو

کیلیفورنیا: ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ تانیہ رابرٹس کے شوہر نے ان کی موت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ابھی تک زندہ اور وینٹی لیٹر پر ہیں، تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ تانیہ رابرٹس کرسمس کے موقع پر گرنے کی وجہ سے زخمی ہوئیں اور ہسپتال میں علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا ہے۔ تاہم ان کے شوہر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک حالیہ بیان سے کہانی نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔

تانیہ رابرٹس کے شوہر نے میڈیا سے گفتگو میں اپنی اہلیہ کی ہلاکت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ابھی تک زندہ ہیں، تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تانیہ رابرٹس کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے اور ابھی تک ان کی سانسیں جاری ہیں۔

تانیہ کے شوہر نے بتایا کہ انھیں خود ہسپتال کی انتظامیہ نے فون کرکے کہا ہے کہ مریضہ کے انتقال کی خبریں میڈیا کو کیوں بتائی جا رہی ہیں حالانکہ وہ ابھی تک زندہ ہیں اور انھیں بچانے کی سرتوڑ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ لانس اوبرائن کا کہنا تھا کہ وہ اس غلطی پر کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہتے، دراصل تانیہ کی حالت ہی ایسی تھی کہ مجھے لگا کہ ان کا انتقال ہو چکا ہے جبکہ ان کے مینجر نے بھی جلد بازی میں میڈیا کو خبر دیدی کہ ان کا انتقال ہو چکا ہے۔

خیال رہے کہ تانیہ رابرٹس کا شمار ہالی ووڈ کی مشہور اداکاراؤں میں ہوتا ہے تاہم انہوں نے جیمز بانڈ سیریز کی فلم اے ویو ٹو اے کل میں راجر مور کے ہمراہ کام کرکے بہت شہرت حاصل کی اور بانڈ گرل کا لقب پایا۔ اس کے علاوہ وہ بہت سی ٹیلی وژن سیریز اور فلم چارلی اینجلز میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔