راولپنڈی ،کورکمانڈرکانفرنس میں کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کا اظہار

راولپنڈی ،کورکمانڈرکانفرنس میں کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کا اظہار
سورس: سکرین شارٹ

اسلام آباد، کورکمانڈرز کی کانفرنس  میں کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت پر کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ 

پاک فوج کے کورکمانڈرز کا اجلاس آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت ہوا ۔ جس میں کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت پر کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔  

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں خطے اور ملکی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں فوج کے پیشہ ورانہ امور اور سرحدوں کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

کور کمانڈرز نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک ان کے ساتھ ہیں۔ کئی دہائیوں سے جاری کشمیر میں بھارتی مظالم جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے۔ پرعزم کشمیری انشاءاللہ کامیاب ہوں گے۔

آرمی چیف نے اجلاس میں کہا کہ قومی کوششوں سے خطرات کو مکمل شکست دی جاسکتی ہے۔ قومی اداروں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کردارادا کرنا ہوگا۔ ہر سطح پر بہترین صلاحیت سے تمام چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں بلوچستان میں حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کور کمانڈرز نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشتگردوں اور ان کے مدد گاروں کو ہر قیمت پرشکست دی جائے گی۔