Get Alerts

پاکستان کی مسلح افواج کا یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

 پاکستان کی مسلح افواج کا یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

راولپنڈی : پاکستان کی مسلح افواج نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی بھرپور حمایت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتی ہیں۔ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور حراستیں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، افواجِ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے، اور عالمی برادری کو کشمیری عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افواجِ پاکستان اپنی ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

ٹیگز: