Get Alerts

وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اہم اجلاس،سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان پر عملدرآمد کا آغاز

 وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اہم اجلاس،سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان پر عملدرآمد کا آغاز

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، منیجنگ ڈائریکٹر پی پی ایل، رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی، چیئرمین میونسپل کمیٹی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سوئی ٹاؤن کی مجموعی ترقی اور شہری خوبصورتی سے متعلق منصوبوں پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان کے تحت سوئی میں اندرونی ترقی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ منصوبے میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، اسپورٹس گراؤنڈ اور بس ٹرمینل کی تعمیر شامل ہے۔

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سوئی ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ پی پی ایل معاہدے کے مطابق اپنے حصے کے وسائل فراہم کرے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوئی ماسٹر پلان کا مقصد مقامی آبادی کو جدید شہری سہولیات فراہم کرنا اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سوئی کو ایک منظم، خوبصورت اور پائیدار شہر بنانے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوئی کی ترقی سے مقامی معیشت مضبوط ہوگی اور عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ٹیگز: