عثمان کاکڑ کی موت کی تحقیقات، جوڈیشل کمیشن نے کام شروع کر دیا

عثمان کاکڑ کی موت کی تحقیقات، جوڈیشل کمیشن نے کام شروع کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماءاور سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی موت کی وجوہات کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن نے کام شروع کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق عثمان کاکڑ کی موت کے حوالے سے معلومات دینے اور بیان قلم بند کروانے کیلئے کوائف 10 جولائی تک رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ کے دفتر میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈیشنل رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی تاریخ، وقت اور جگہ کے بارے میں بعد میں مطلع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما عثمان خان کاکڑ کا گزشتہ مہینے انتقال ہوا تھا اور سیکرٹری اطلاعات پی کے میپ رضامحمدرضا نے عثمان کاکڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر سلیم مانڈی والا کا کہنا ہے کہ عثمان خان کاکڑ کے انتقال کی اطلاع سینیٹ کی کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ملی، عثمان کاکڑ کے انتقال پر سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
عثمان کاکڑ کے اہل خانہ نے عثمان خان کاکڑ کے پوسٹ مارٹم اور موت کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے عثمان کاکڑ کی موت کی مکمل تحقیقات اور اہل خانہ سے ہر قسم کا تعاون کرنے کا اعلان کیا تھا۔