واشنگٹن : پاکستان کے ہاتھوں عالمی سطح پر ہزیمت کے بعد بھی بھارتی حکومت کو کوئی شرم محسوس نہ ہوئی، بھارتی وفد اس وقت واشنگٹن میں عوام کے ٹیکس کے پیسے پر سیر و تفریح اور غیر سنجیدہ سرگرمیوں میں مصروف ہے، جس پر سوشل میڈیا پر بھارتی عوام سخت برہم نظر آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت کا اعلیٰ سطحی وفد، جو گیانا، پاناما، کولمبیا اور برازیل جیسے ممالک میں سفارتی ناکامی کے بعد واشنگٹن پہنچا ہے، اب وہاں بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ اس وفد کی قیادت معروف سیاستدان ششی تھرور کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ششی تھرور اور دیگر اراکین سرکاری محفلوں میں شرکت کے بجائے موسیقی اور گانوں میں مصروف ہیں۔ ایک ویڈیو میں ششی تھرور کو محفل میں گاتے ہوئے دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
بھارتی عوام نے سوشل میڈیا پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت بھارت کی عالمی ساکھ بہتر بنانے کا تھا، لیکن وفد غیر سنجیدہ سرگرمیوں میں لگا ہوا ہے۔ صارفین نے سوال اٹھایا کہ عوامی ٹیکس کا پیسہ کیا اسی لیے لیا جاتا ہے کہ حکومتی نمائندے بیرون ملک جا کر جشن منائیں؟
ایک صارف نے لکھا "پہلگام واقعے میں دہشت گرد کھلے عام گھوم رہے ہیں، متاثرین انصاف کو ترس رہے ہیں، اور ہمارے لیڈر گانے گا رہے ہیں؟ شرمناک!" کئی صارفین نے مودی حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اگر حکومت نے اپنی ترجیحات نہ بدلیں تو بین الاقوامی سطح پر بھارت کی ساکھ مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔