کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ "فتنہ الہندوستان" نامی دہشت گرد گروہ کا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف دہشت گرد ہیں جو پاکستان کا امن تباہ کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" ان عناصر کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
کوئٹہ میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور احمد بلیدی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ دشمن نے شکست کے بعد پراکسی وار کا سہارا لیا اور ریاست پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کو استعمال کر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے انکشاف کیا کہ "فتنہ الہندوستان" خضدار میں معصوم بچوں کی شہادت سمیت کئی دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے پاس اس گروہ اور اس کے سرپرستوں کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں کسی بڑے فوجی آپریشن کی ضرورت نہیں، تاہم خفیہ معلومات کی بنیاد پر محدود آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات صرف سیاسی جماعتوں سے ممکن ہیں، دہشت گردوں سے نہیں۔
انہوں نے بھارتی میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے کا الزام بھی لگایا، اور کہا کہ کراچی پورٹ پر حملے کی جھوٹی خبریں چلانا پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو صرف چند افراد کی نظر سے نہ دیکھا جائے، ریاست اپنی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بند سکولوں کو فعال کر دیا گیا ہے، تعلیم کے شعبے میں 99 فیصد بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں اور نوجوانوں کو بیرون ملک ہنر مند بنا کر بھیجا جا رہا ہے۔ بجٹ میں نوجوانوں کو آسان قرضے دینے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔