Get Alerts

برطانیہ کا یوکرین کو ایک لاکھ ڈرون فراہم کرنے کا اعلان

برطانیہ کا یوکرین کو ایک لاکھ ڈرون فراہم کرنے کا اعلان

لندن :روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں برطانیہ نے یوکرین کو عسکری مدد فراہم کرتے ہوئے اپریل 2026 تک ایک لاکھ ڈرون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ جدید جنگوں میں ڈرون ٹیکنالوجی فیصلہ کن حیثیت اختیار کر چکی ہے اور یوکرین کو یہ جدید ڈرونز فراہم کر کے اس کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق ڈرون سپلائی میں دس گنا اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ یوکرین کو میدان جنگ میں فوری فائدہ حاصل ہو۔

بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق یوکرین نے حالیہ مہینوں میں ڈرون حملوں کے ذریعے روسی افواج اور تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچایا ہے، جس کے بعد یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ مستقبل کی جنگیں ڈرونز پر منحصر ہوں گی۔

دوسری جانب، جرمنی کی جانب سے بھی یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جب کہ امریکہ اور دیگر نیٹو ممالک بھی یوکرین کو مسلسل فوجی امداد فراہم کر رہے ہیں۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے 75 منٹ طویل ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں یوکرین پر فضائی حملوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق پیوٹن نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ یوکرین کے حالیہ حملوں کا سخت جواب دیا جائے گا، اور روس اپنے فضائی اڈوں پر حملے برداشت نہیں کرے گا۔

ٹیگز: