پی ایس ایل کے فائنل کی جنگ چھڑنے میں چند گھنٹے باقی

پی ایس ایل کے فائنل کی جنگ چھڑنے میں چند گھنٹے باقی

پی ایس ایل کے فائنل کی جنگ چھڑنے میں چند گھنٹے باقی

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میچ کے لیے قذافی اسٹیڈیم کو دُلہن کی طرح سنوار دیا گیا ہے، بیٹنگ وکٹ تیار کی گئی ہے جہاں چوکوں اور چھکوں کی برسات ہوگی، اختتامی تقریب کو چار چاند لگانے کے لیے کئی نامور گلوکار فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موقع پر لاہور كو بھی روشنیوں كا شہر بنانے كے لیے تمام انتظامات مكمل كر لیے گئے ہیں۔

پی ایس ایل كے فائنل میچ میں میٹرو پولیٹن كارپوریشن نے قذافی اسٹیڈیم كے ارد گرد كی شاہراہوں پر بہترین لائٹنگ كا بندوبست كیا ہے، گاڑیوں كی پاركنگ کے لیے مختص كیے گئے 6 پاركنگ اسٹینڈز میں بھی لائٹس لگا دی گئی ہیں، میٹرو پولیٹن كارپوریشن لاہور نے بجلی كی مسلسل فراہمی کے لیے جنریٹر كا بندوبست كیا ہوا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے انتہائی اہم میچ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی طرف سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں سرچ اینڈ سویپنگ کا عمل اسٹیڈیم کے گیٹ کھلنے تک جاری رہے گا، کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کا عمل بھی جاری رہے گا۔ عوام کے اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے نادرا کا عملہ بھی شناختی کارڈز چیک کرنے کے لیے موجود ہوگا۔ ہاکی اسٹیڈیم میں 25 بستروں کا عارضی اسپتال بھی بنا دیا گیا ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق اسٹیڈیم کے دروازے 3 بجے کھول دیئے جائیں گے، میوزیکل تقریب شام 6 بجے ہو گی جس میں نامور گلوکار پرفارم کریں گے جب کہ میچ 8 بجے شروع ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی آج موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی ہے اور خراب موسم کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہوگا جو کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔