Get Alerts

بحر ہند میں امریکی حملے میں ایرانی جنگی جہاز تباہ، 87 ہلاک اور 32 زخمی

بحر ہند میں امریکی حملے میں ایرانی جنگی جہاز تباہ، 87 ہلاک اور 32 زخمی

کولمبو :بحر ہند میں ایک اہم واقعہ پیش آیا ہے جہاں امریکی آبدوز نے ایرانی بحریہ کے جنگی جہاز کو ٹارپیڈو حملے سے ڈبو دیا۔ جہاز، جو بھارت میں جنگی مشقیں مکمل کرکے واپس آ رہا تھا، پر 180 افراد سوار تھے، جن میں سے 87 ہلاک اور 32 زخمی ہوئے، جنہیں سری لنکن حکام نے ہسپتال منتقل کیا۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے تصدیق کی کہ یہ حملہ بین الاقوامی پانیوں میں ہوا اور یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد ٹارپیڈو سے دشمن جہاز کو نشانہ بنانے کی پہلی کارروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاز کو "خاموش موت" دی گئی۔

حملے کے بعد بھارت میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔ کانگریس رہنما پون کھیڑا نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے جہاز کو بھارت نے مدعو کیا تھا، اور سوال اٹھایا کہ کیا بھارت نے اپنے خطے میں اثر و رسوخ کھو دیا اور حالات واشنگٹن اور تل ابیب کے حوالے کر دیے گئے؟ بھارتی تجزیہ کار بھی حکومت کی خارجہ پالیسی اور خطے میں کردار پر سوال اٹھا رہے ہیں، اور خبردار کر رہے ہیں کہ اگر بھارتی سرزمین یا وسائل امریکی کارروائیوں میں استعمال ہوئے تو بھارت بھی جنگ میں شریک نظر آ سکتا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والا جہاز آئی آر آئی ایس دینا ایران کی بحریہ کے 86 ویں بیڑے کا حصہ تھا اور مکمل طور پر ایرانی ساختہ جنگی جہاز تھا۔ یہ جہاز نور اور قدر اینٹی شپ میزائلوں، 76 ایم ایم فجر 27 نیول گن اور 30 ایم ایم ہتھیاروں سے لیس تھا۔ اس کی لمبائی تقریباً 95 میٹر اور وزن تقریباً 1500 ٹن ہے۔ 2022 سے 2023 کے دوران جہاز نے تقریباً 65 ہزار کلومیٹر کا عالمی بحری سفر کیا، اور اسے ایرانی بحری طاقت کی علامت سمجھا جاتا رہا ہے۔

ٹیگز: