ممبئی: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
انگلینڈ کی ٹیم 254 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنا سکی اور یوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔
بھارت کی جانب سے سنجو سیمسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
ان کے علاوہ شیوام دوبے نے 43، ایشان کشن نے 39، ہاردک پانڈیا نے 27، تلک ورما نے 21 جبکہ سوریا کمار یادیو نے 11 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے ول جیکس اور عادل راشد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا تاہم وہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز تک محدود رہی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ ول جیکس نے 35 اور جوز بٹلر نے 25 رنز اسکور کیے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اتوار 8 مارچ کو احمد آباد میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔