انگلینڈ کیخلاف پہلا امتحان آج ہوگا،سرفراز احمد اچھی پرفارمنس کیلئے پر امید

انگلینڈ کیخلاف پہلا امتحان آج ہوگا،سرفراز احمد اچھی پرفارمنس کیلئے پر امید
کیپشن: تصویر پی سی بی ٹوئٹر

کارڈف: بابائے کرکٹ کے دیس میں شاہینوں کا پہلا امتحان آج شروع ہوگا۔پاک انگلش ٹیمیں واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں اِن ایکشن ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں انگلینڈ میں موجود ہے جہاں پر پہلے تینوں پریکٹس میچ جیت کر انگلینڈ کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے ۔گرین شرٹس کا واحد ٹی 0 2میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے کارڈف میں شروع ہو گا۔

e10f9213dbc3e17f463f868af60d2c76

پاکستان ٹیم نے بڑے معرکے کی تیاریاں کر لیں۔دورہ انگلینڈ میں پاکستان کے بیٹسمین شاندار فارم میں ہیں اور تینوں پریکٹس میچز میں فتح کا باعث بن چکے ہیں۔ ٹیم کاؤنٹی کلبز کے خلاف 2 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کا معرکہ جیت چکی ہے۔

خیال رہے کہ قومی ٹیم کو آج دونوں سینئر بلے بازوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کی خدمات حاصل نہیں ہونگی۔محمد حفیظ انجری مسائل کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے جبکہ شعیب ملک نے ذاتی مصروفیات کے باعث 10 دن کی چھٹی لے رکھی ہے۔شاہینوں نے گزشتہ روز پریکٹس سیشن میں فیلڈنگ ،باﺅلنگ اور بیٹنگ میں خوب جان لڑائی اور معرکے کی تیاریاں کی۔اس موقع پر کپتان سرفرا ز احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے تیاری بہت اچھی ہے۔انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 کے لیے قومی ٹیم میں محمد عامر کو شامل کرنے کا فیصلہ گیا ہے جب کہ یاسر شاہ کو آرام دیا جائے گا۔

کارڈف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے تیاری بہت اچھی ہے، ٹیم نے سیریز سے قبل دو ون ڈے اور ایک ٹی 20 ٹور میچ کھیلا جس میں اب تک باﺅلرز، بیٹسمین اور فیلڈرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ دونوں ٹیمیں ٹی 20 کرکٹ کی بہت اچھی ٹیمیں ہیں، پاکستانی ٹیم گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے ٹی 20 میں اچھی کرکٹ کھیلتی ہوئی آ رہی ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی بہترین ٹیم ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں بہت پرامید ہوں کہ پہلے ٹی 20 میں اچھا پرفارم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہماری تمام تر توجہ انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں پر ہے جس کے لیے تمام لڑکے بھرپور تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام فاسٹ باﺅلرز بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں اور ہمارے لیے 4 پیسرز کا سلیکشن بہت ٹف ہو گا۔