شہباز سینئر نے سیکرٹری پی ایچ ایف کے عہدے سے استعفیٰ کی خبروں کی تردید کردی

شہباز سینئر نے سیکرٹری پی ایچ ایف کے عہدے سے استعفیٰ کی خبروں کی تردید کردی
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے استعفیٰ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے بغیر بتائے عہدے سے ہٹایا میں نے استعفیٰ نہیں دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دو بڑوں کے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ صدر ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر نے گزشتہ روز شہباز سینئر کے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آصف باجوہ کو نیا سیکرٹری نامزد کر دیا گیا ہے۔

شہباز سینئر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں استعفیٰ کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی استعفیٰ نہیں دیا ہے۔ میڈیا پر استعفیٰ کی خبریں سن کر مجھے بھی حیرت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن کوئی بڑا تعارف نہیں ہے، میں نے اس ملک کے لیے جو کیا ہے وہی میرا تعارف ہے۔

شہباز سینئر نے کہا کہ اگر لوگ چاہتے ہیں کہ میں ہاکی فیڈریشن میں کام نہیں کروں تو میں بغیر کسی لڑائی کے کام نہیں کروں گا لیکن اس طرح میڈیا پر بیانات دینا درست نہیں ہے یہ ایک غیر اخلاقی عمل ہے۔