نیویارک:امریکی اخبار "نیویارک ٹائمز" نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت اور ان کے واضح قومی بیانیے کی بھرپور تعریف کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنرل منیر نے حالیہ کشیدگی کے دوران غیر معمولی سیاسی بصیرت اور عسکری حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جو عالمی سطح پر پاکستان کا موقف مضبوط کرنے کا باعث بنا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد حملوں کے بعد قوم کو ایک متفقہ بیانیہ دینے کی ذمہ داری بخوبی نبھائی۔ جنرل منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فیصلہ کن اور فوری جواب دے گا، جس سے پاکستان کی عسکری قیادت کا عزمِ صمیم ظاہر ہوتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی فوج نے نہ صرف ملکی سطح پر سیاسی و معاشی مسائل کا سامنا کیا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا موقف مستحکم کیا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے کشمیر کو اپنی "شہ رگ" قرار دے کر ایک واضح اور مضبوط پیغام دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز نے یہ بھی لکھا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی فوج نہ صرف دفاعی حکمت عملی میں استحکام لائی ہے بلکہ عالمی سفارتکاری میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے عزم کی وجہ سے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک بار پھر نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔
رپورٹ کے آخر میں کہا گیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران، عالمی برادری کی نظریں جنرل عاصم منیر پر مرکوز ہیں، جن کی طاقتور قیادت نے پاکستان کو ایک مضبوط اور متحد موقف دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔