واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی پر دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی طور پر جنگوں کے حق میں نہیں ہیں، لیکن امریکی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے ایران کی عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہم نے سمندر میں ایران کے 159 جہاز غرق کر کے اس کی فوجی طاقت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران نے "پراجیکٹ فریڈم" میں رکاوٹ ڈالی یا امریکی جہازوں پر حملہ کیا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں حالیہ دباؤ کے بعد ایران اب مذاکرات میں لچک دکھا رہا ہے، تاہم امریکہ کا موقف واضح ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔امریکی صدر نے مستقبل کے حوالے سے مثبت اشارے دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے بادل چھٹنے سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آئیں گی۔
وہ اپنے دورہ چین اور چینی صدر سے ملاقات کے لیے پرامید ہیں، جسے وہ عالمی امن کے لیے اہم قرار دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں موجود امریکی اڈے جدید ترین اسلحے اور گولہ بارود سے بھرے ہوئے ہیں اور امریکہ اپنی طاقت کا استعمال کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔