اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مارگلہ روڈ کو براہ راست موٹروے سے منسلک کرنے کے میگا پراجیکٹ پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے مقام کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا براہ راست معائنہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ حکام نے وزیر داخلہ کو پراجیکٹ کے ڈیزائن، ٹائم لائن اور اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ لنک روڈ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز کو براہ راست موٹروے (M-1/M-2) اور جی ٹی روڈ سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے جی ٹی روڈ پر واقع سنگجانی انٹرچینج کو 31 جولائی تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کی معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اس میگا منصوبے کی تکمیل سے سری نگر ہائی وے اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا بوجھ نمایاں طور پر کم ہوگا۔ اسلام آباد کے شمالی علاقوں سے موٹروے تک کا سفر منٹوں میں طے ہوگا۔ شہریوں کے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک کے متبادل انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔