آریان خان کیس سمیر وانکھیڑے سے واپس لے لیا گیا

 آریان خان کیس سمیر وانکھیڑے سے واپس لے لیا گیا
کیپشن: آریان خان کیس سمیر وانکھیڑے سے واپس لے لیا گیا
سورس: فائل فوٹو

نئی دہلی: بالی ووڈ کے کنگ خان کے بیٹے آریان خان کا کیس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے افسر سمیر وانکھیڑے سے واپس لے لیا گیا۔ 

بھارت کے نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق این سی بی کے افسر سمیر وانکھیڑے سے آریان خان سمیت دیگر 6 کیسز بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ این سی بی کے افسر سمیر وانکھیڑے نے عدالت میں درخواست دی تھی کہ ان سے کیسز واپس لیے جائیں۔

سمیر وانکھیڑے کا میڈیا میں پہلی مرتبہ نام اس وقت بہت زیادہ منظر عام پر آیا تھا جب انہیں بھارت کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خود کشی کے کیس کی تحقیقات سپرد کی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ آریان خان کے کیس میں گزشتہ دنوں یہ خبریں بھی منظر عام پر آئی تھیں کہ بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان سے کروڑوں روپے رشوت طلب کی گئی تھی۔ اس ضمن میں ایک گواہ نے باقاعدہ عدالت میں حلف نامہ بھی جمع کرایا تھا۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق اب سینئر پولیس افسر سنجے سنگھ کی سربراہی میں قائم کی جانے والی ایک اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم آریان خان کیس سمیت دیگر چھ کیسز کی تفتیش کرے گی۔ اسپیشل ٹیم دہلی یونٹ سے تعلق رکھتی ہے۔