گلگت : پاکستان کے سیاحتی علاقوں، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں شدید برفباری نے سردی کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث بابوسر، نانگا پربت اور بٹوگاہ کی چوٹیوں پر وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے۔ اس شدید برفباری کے نتیجے میں 12 سے زائد گاڑیاں برف میں پھنس گئیں ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں جیسے سوات، دیر اور کالام کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی ہے، اور اپر ہزارہ ڈویژن میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری نے سردی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ دن کے وقت بھی یہاں رات کا موسم محسوس ہو رہا ہے۔
ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی سمیت دیگر بالائی گلیات میں 2 سے 3 انچ تک برف پڑ چکی ہے، جس سے وہاں کا موسم سرد تر ہو گیا ہے۔
دوسری طرف، مظفرآباد سے لے کر وادی نیلم تک بارش اور برفباری کی وجہ سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل سے بچا جا سکے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔