پشاور : خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس نے علاقے کو سفید چادر سے ڈھانپ لیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری کا لطف اٹھانے کے لیے لواری ٹنل کی طرف رخ کر رہی ہے۔ سوات، کالام، مالم جبہ اور ان کے گرد و نواح کے پہاڑوں پر برف باری کے بعد ہر طرف سفید منظر چھا گیا ہے۔
ایبٹ آباد اور گلیات میں ہلکی بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی آئی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل برسے جس نے موسم کو اور زیادہ سرد کر دیا۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری نے وادیوں کو مکمل طور پر ڈھک لیا ہے۔ اپر نیلم، اڑنگ کیل اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے سردی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
گلگت بلتستان کے چلاس کے بالائی مقامات پر گزشتہ رات سے برفباری ہو رہی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ یہ برفباری علاقے کے قدرتی حسن کو اور زیادہ بڑھا رہی ہے، اور سیاحوں کے لیے سردیوں کا یہ موسم ایک خوبصورت تجربہ بن چکا ہے۔