ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات کا آج آخری روز ہے، جس کے موقع پر ننکانہ صاحب میں تعلیمی اداروں میں عام تعطیل ہے۔ مرکزی تقریب کے اختتام پر نگر کیرتن جلوس نکالا جائے گا، جو گوردوارہ جنم استھان سے شروع ہو کر سات گوردواروں سے ہوتا ہوا گوردوارہ کیارہ صاحب پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
تقریبات میں دنیا بھر سے سکھ یاتری شریک ہیں، جن میں بھارت، برطانیہ، فرانس، کینیڈا، امریکہ اور دیگر ممالک سے ہزاروں افراد شامل ہیں۔ رات کو بھوگ کی رسم کے ساتھ تین روزہ مذہبی پروگرام کا اختتام کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ گوردوارہ جات اور نگر کیرتن کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اور واک تھرو گیٹس اور سکینر بھی گوردواروں کے داخلی راستوں پر نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، عوام کے تحفظ کے لیے خار دار تاریں اور بیئرز لگا کر گوردواروں اور نگر کیرتن کے راستوں پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔
سکھ یاتری اپنے مقدس مقامات کی زیارت کر کے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور پاکستان حکومت کے بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ بھارت سے تقریباً 2100 سکھ یاتری اس مذہبی دورے کے لیے آئے ہیں، جو 13 نومبر کو واپس روانہ ہوں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکھ برادری کو بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گورو نانک نے انسانوں کو محبت، بھائی چارہ، سچائی اور امن کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے عزم کا عالمی سطح پر ایک روشن نمونہ ہے، اور پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔