Get Alerts

عبداللہ عبداللہ کا دورہ اسلام آباد کامیاب قرار

عبداللہ عبداللہ کا دورہ اسلام آباد کامیاب قرار

 کابل:افغانستان کے صدر اشرف غنی  اور افغان قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے ملک کے حالات خاص طور سے قطر میں طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

افغان خبر رساں ادارے آوا کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے صدر ہائوس میں اشرف غنی سے ملاقات کر کے اپنے دورہ پاکستان اور اس ملک کے حکام سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

افغانستان کی قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے اپنے تین روزہ دورہ اسلام آباد میں پاکستانی وزیر اعظم اور صدر سمیت اس ملک کے حکام سے ملاقات و گفتگو کی تھی۔

عبداللہ عبداللہ نے اپنے اس دورے کو نتیجہ خیز قرار دیا اور کہا کہ اس ملاقات میں انھوں نے پاکستانی حکام سے افغان امن عمل کی حمایت کے سلسلے میں گفتگو کی ہے۔دونوں رہنمائوں نے ملک کے حالات اور امن مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس قبل پاکستان دورے میں  افغانستان کی اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے افغانستان میں امن پاکستان میں موجود استحکام کو مزید تقویت فراہم کرے گا لیکن اگر افغانستان میں تشدد کم نہ ہوا تو افغان امن عمل میں پیشرفت کو یقینی بنانا مشکل ہو گا۔
منگل کے روز اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے مختلف شدت پسند گروہوں کا سامنا کیا اور امن بحال کرنے کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور یہ گروہ اب بھی معاملات کو خراب کرنے کو کوششوں میں مصروف ہیں۔ ’ہمیں ایسے عناصر/گروپس کے خلاف ایک دوسرے سے تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔‘
عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کسی بھی شدت پسند تنظیم کو کسی دوسری قوم یا ملک کے لیے خطرات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کا آغاز ایک اہم موقع ہے، یہ وہ موقع ہے جس کی مدد سے ہم جنگ کو قصہ پارینہ بنا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افغان حکومت نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو صبر کرنے اور سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار رہنے کو کہا ہے۔