افغانستان کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ جلد پاکستان کا دورہ کرینگے

افغانستان کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ جلد پاکستان کا دورہ کرینگے

اسلام آباد : افغانستان کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کرینگے۔ سفارتی ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ ڈاکٹر عبداللہ نے وفد کی تیاری کیلئے اپنے قریبی رفقاءسے مشاورت کی ہے یاد رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے گزشت سال ڈاکٹر عبداللہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی لیکن تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے وہ نہیں آسکے۔
چند دن پہلے پاکستانی پارلیمانی وفد نے ڈاکٹر عبداللہ سے ملاقات میں دوبارہ دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی اس یاددہانی کے بعد ڈاکٹر عبداللہ نے اپنے رفقاءسے مشاورت کے بعد دورہ پاکستان کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمانی وفد نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ اور صدر اشرف غنی کو خصوصی پیغامات بھی پہنچائے تھے۔
دریں اثناءپارلیمانی وفد میں شامل رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر جی جی جمال نے پارلیمانی وفد کے دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفد کو ایک سربراہ حکومت کی طرح پروٹوکول دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اشرف غنی سے چھ گھنٹے اور ڈاکٹر عبداللہ سے پانچ گھنٹے کی طویل نشستوں میں تمام امور پر کھل کر بات چیت کی گئی۔
ڈاکٹر جی جی جمال نے این این آئی کو بتایا کہ پاکستانی وفد کے ارکان کا اصرار تھا کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے جس کے ذریعے ایک دوسرے کے خدشات کو دور کیا جاسکتا ہے۔