لاہور : ہر سال 5 اکتوبر کو دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ معاشرے میں استاد کے اہم اور کلیدی کردار کو سراہا جا سکے۔ استاد ہی وہ شخصیت ہے جو بچوں کو تعلیم و تربیت دے کر انہیں معاشرے کا معتبر رکن بننے میں مدد دیتی ہے۔
اساتذہ کا عالمی دن 1994ء سے منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر یونیسکو، یونیسف اور دیگر بین الاقوامی ادارے اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے مسائل پر بھی غور کرتے ہیں۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ ان کے لیے سب سے بڑی خوشی طلبہ کی کامیابی ہے، جبکہ طلبہ کہتے ہیں کہ اساتذہ ہمیں صرف کتابی علم ہی نہیں دیتے بلکہ زندگی گزارنے کے طریقے بھی سکھاتے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ تدریس صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ ہے، اور پاکستان کے اساتذہ ہمیشہ قوم سازی میں نمایاں کردار ادا کرتے آئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ نسلوں کی تربیت اور ملک کی ترقی میں اساتذہ کا کردار بنیادی ہے، اور عالمی سطح پر اساتذہ کے لیے ایک دن مختص کرنا ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے معاشرے پر زور دیا کہ اساتذہ کی عزت و احترام میں کوئی کمی نہ ہونے دی جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اساتذہ کو ان کی محنت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد وہ مقدس ہستی ہے جو علم کے چراغ کو جلاتی ہے اور نسلوں کی فکری، اخلاقی اور سماجی تربیت کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد کی عزت کو ریاستی سطح پر مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے کیونکہ ہر کامیاب قوم کے پیچھے عظیم اساتذہ کی تربیت یافتہ نسل ہوتی ہے۔