Get Alerts

نیپال حکومت کا غیر رجسٹرڈ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کا اعلان

نیپال حکومت کا غیر رجسٹرڈ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کا اعلان

کٹھمنڈو: نیپال کی حکومت نے ایسے متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے رجسٹریشن کی لازمی شرائط پوری نہیں کیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات جھوٹی خبروں، نفرت پھیلانے اور سائبر جرائم کو روکنے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں جو ملک کی سماجی ہم آہنگی کو متاثر کر رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے تمام سوشل میڈیا کمپنیوں کو بدھ تک رجسٹریشن کروانے، مقامی نمائندہ مقرر کرنے، صارفین کی شکایات حل کرنے کے لیے اہلکار تعینات کرنے اور خود احتسابی کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی۔ تاہم کئی پلیٹ فارمز نے اس ہدایت کی پیروی نہیں کی۔

وزارت کے مطابق ٹک ٹاک، وائبر، وی ٹاک، نمبز اور پوپو لائیو نے رجسٹریشن کروا لی ہے، لیکن فیس بک اور دیگر بڑی ایپلیکیشنز نے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ نیپال ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ان غیر رجسٹرڈ پلیٹ فارمز کی رسائی بند کرے۔

وزیر برائے مواصلات اور آئی ٹی پرتھوی سبھا گورنگ نے کہا، "ہم نے متعدد بار پلیٹ فارمز کو رجسٹریشن کی یاد دہانی کرائی لیکن جب انہوں نے اسے نظر انداز کیا تو ہمیں یہ سخت فیصلہ کرنا پڑا۔"

دنیا بھر میں بھی سوشل میڈیا کی نگرانی میں سختی آ رہی ہے۔ امریکہ، یورپی یونین، برازیل اور آسٹریلیا میں قوانین مزید سخت ہو رہے ہیں، جب کہ بھارت میں مقامی نمائندے تعینات کرنے اور مواد ہٹانے کے قواعد نافذ کیے جا چکے ہیں۔ چین پہلے ہی سخت لائسنسنگ اور سنسرشپ کا نظام چلا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات آزادی اظہار رائے کو محدود کر سکتے ہیں، تاہم حکومتیں صارفین کے تحفظ اور سماجی استحکام کے لیے سخت نگرانی کو ناگزیر قرار دیتی ہیں۔

نیپال کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت نیشنل انڈیپنڈنٹ پارٹی کے ترجمان منیش جھا نے کہا کہ سوشل میڈیا کی نگرانی قانونی دائرہ کار میں ہونی چاہیے اور اسے منظم کیا جانا چاہیے، لیکن مکمل بندش کا اقدام مناسب نہیں۔

ٹیگز: