استنبول:ترکیہ کی حکومت نے ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی محدود کر دی ہے۔ اس پابندی میں سابقہ ٹوئٹر (ایکس)، یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بک، ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور دیگر پلیٹ فارمز شامل ہیں۔
بین الاقوامی ادارے ‘نیٹ بلاکس’ کے مطابق یہ پابندی اپوزیشن جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی (سی ایچ پی) کے احتجاج کے دوران لگائی گئی ہے۔ سی ایچ پی نے استنبول میں اپنے ہیڈکوارٹر کے ارد گرد پولیس کی رکاوٹوں کے خلاف عوامی ریلیوں کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد حکومت نے یہ اقدام اٹھایا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ترکی کی فریڈم آف ایکسپریشن ایسوسی ایشن کے حوالے سے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر پابندیاں اتوار کی شام تقریباً 8:45 بجے شروع ہوئیں، جب ان پلیٹ فارمز کی بینڈوتھ محدود کر دی گئی۔
ترکی کے ‘ایکسیس پرووائیڈرز یونین’ نے سوشل میڈیا پر پابندی کے حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ یہ یونین ترکی میں انٹرنیٹ بلاکنگ کے فیصلوں کو نافذ کرنے کی ذمہ دار ہے۔