اسلام آباد:وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی نے شہریوں اور کاروباری افراد کے لیے تمام سرکاری خدمات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنے کے لیے "نیشنل سپر ایپ" اور ہمہ گیر ویب پورٹل لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام "ڈیجیٹل پاکستان" ویژن کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، یہ منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے "ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ" کے تحت شروع کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو جدید، محفوظ اور آسان ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی ہے۔
نیشنل سپر ایپ نادرا کے نیشنل ڈیجیٹل آئی ڈی سسٹم سے منسلک ہوگی، اور وفاقی و صوبائی سطح پر مختلف سرکاری محکموں کی خدمات کو ایک جگہ پر یکجا کیا جائے گا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے شہری اور کاروباری حضرات لائسنس کی تجدید، ٹیکس ادائیگی، این او سی، پرمٹ حاصل کرنے اور سرکاری فیسوں کی ادائیگی جیسے امور موبائل اور ویب پر 24 گھنٹے کسی بھی وقت انجام دے سکیں گے۔
وزارت آئی ٹی کے حکام کے مطابق، اس منصوبے سے سرکاری نظام میں شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی، جبکہ ڈیجیٹل ورک فلو اور خودکار نظام کے ذریعے وقت اور اخراجات میں خاطر خواہ کمی ممکن ہوگی۔
سپر ایپ کو پاکستان ڈیجیٹل گورنمنٹ انٹرپرائز آرکیٹیکچر کے تحت تیار کیا جا رہا ہے، جس میں زیرو ٹرسٹ ماڈل، اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن، اور بائیومیٹرک تصدیق جیسے جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے تاکہ صارفین کو محفوظ اور بااعتماد رسائی فراہم کی جا سکے۔
وزارت آئی ٹی نے سپر ایپ کی ڈیزائننگ اور ڈیویلپمنٹ کے لیے ایک کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس پلیٹ فارم میں مزید سرکاری و نجی سروسز، سبسکرپشن ماڈلز، پریمیئم فیچرز اور ان ایپ ایڈورٹائزنگ بھی شامل کی جا سکے گی۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق، نیشنل سپر ایپ نہ صرف عوامی خدمات کے حصول میں آسانی فراہم کرے گی بلکہ حکومت اور شہریوں کے درمیان روابط کو بھی ایک نئی جہت دے گی۔