روم / میلان :دنیا کے معروف اطالوی فیشن ڈیزائنر جورجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں چل بسے، جس کے بعد ان کی عالمی شہرت یافتہ فیشن ایمپائر کے مستقبل پر نظریں مرکوز ہو گئی ہیں۔
1975 میں قائم ہونے والے اس برانڈ کو ارمانی نے تن تنہا ایک چھوٹے کلیکشن سے شروع کر کے اربوں ڈالر مالیت کی لگژری کمپنی میں تبدیل کر دیا۔ ان کے انتقال کے بعد سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ اب اس ادارے کی قیادت کون سنبھالے گا؟
ارمانی کی کوئی اولاد نہیں، مگر انہوں نے وصیت اور کمپنی کے بائی لاز میں مستقبل کی تفصیلات وضاحت سے درج کر دی تھیں۔ کمپنی کی قیادت اب کلیکٹیو لیڈرشپ ماڈل کے تحت کی جائے گی، جس میں ان کے خاندان کے افراد، قریبی ساتھی اور ایک فاؤنڈیشن شامل ہوں گے۔
فیشن انڈسٹری کے مطابق، ارمانی کی بھتیجی سلوَنا خواتین کے ملبوسات کی، جب کہ قریبی ساتھی پانتیلیو (لیو) ڈیل اورکو مردانہ کلیکشن کے ذمے دار رہے ہیں، جو مستقبل میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
2016 میں قائم کی گئی 'ارمانی فاؤنڈیشن' کو اب کمپنی کے بڑے حصص کی ملکیت دی جائے گی، جس کا بنیادی مقصد ادارے کی آزادی، شناخت اور تخلیقی خودمختاری کو برقرار رکھنا ہے۔
ارمانی گروپ کی موجودہ سالانہ آمدنی 2.7 ارب ڈالر ہے اور حالیہ برسوں میں کمپنی نے نیویارک، میلان اور پیرس میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے۔
برینڈ کے مستقبل میں ممکنہ طور پر چیئرمین، سی ای او اور تخلیقی ڈائریکٹرز کی نئی تقرریاں کی جائیں گی، تاہم حتمی فیصلہ ارمانی کی وصیت کھلنے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔
جورجیو ارمانی کو دنیا بھر میں "پاور ڈریسنگ کا بانی" اور "ٹائم لیس ایلیگنس" کا استعارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی آخری رسومات 6 ستمبر کو نجی طور پر ادا کی جائیں گی۔