Get Alerts

والدین کے لیے خوشخبری ،اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی میں ’پیرنٹل کنٹرول‘ فیچر متعارف کرانے کا اعلان

والدین کے لیے خوشخبری ،اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی میں ’پیرنٹل کنٹرول‘ فیچر متعارف کرانے کا اعلان

کیلیفورنیا:مصنوعی ذہانت پر کام کرنے والی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں ’پیرنٹل کنٹرول‘ فیچر شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ خاص طور پر ان والدین کے لیے کیا گیا ہے جو اپنے بچوں کے آن لائن تجربے پر حدود اور تحفظات رکھنا چاہتے ہیں۔

نئے فیچرز کے تحت والدین اپنے اکاؤنٹ کو بچوں کے چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹس سے لنک کر سکیں گے، ساتھ ہی چیٹ ہسٹری، میموری، اور مواد کی حساسیت جیسے پہلوؤں پر کنٹرول حاصل کر سکیں گے۔ مزید برآں، اگر کوئی بچہ ذہنی دباؤ یا پریشانی کے آثار ظاہر کرتا ہے تو والدین کو فوری نوٹیفکیشن بھی موصول ہوگا۔

اوپن اے آئی نے واضح کیا ہے کہ یہ فیچرز آئندہ 120 دنوں میں بتدریج نافذ کیے جائیں گے، اور ان میں ماہرین کی آراء کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ اعتماد، شفافیت اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں ایک جوڑے نے اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے ان کے 16 سالہ بیٹے کے منفی خیالات کو تقویت دی، جس کے نتیجے میں اس نے خودکشی کر لی۔ مقدمے کے وکیل کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے پیرنٹل کنٹرول متعارف کرانا محض عوامی دباؤ کو کم کرنے کی کوشش ہے۔

دوسری جانب، ماہرینِ نفسیات نے اس پیش رفت کو جزوی طور پر مثبت قرار دیا ہے۔ کنگز کالج لندن کے ماہر ہیملٹن مورِن کے مطابق، والدین کی نگرانی نقصان دہ مواد کے خطرے کو کم ضرور کرتی ہے، لیکن یہ مکمل تحفظ فراہم نہیں کرتی۔ ان کے مطابق، ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ شروعات ہی سے محفوظ، جامع اور ذمہ دارانہ نظام تیار کریں، نہ کہ بحران کے بعد ردعمل دکھائیں۔

اوپن اے آئی نے اپنے بیان میں مقدمے یا خودکشی کے واقعے کا براہ راست ذکر نہیں کیا، تاہم کمپنی نے پہلے اس واقعے پر تعزیت کا اظہار ضرور کیا تھا۔

ٹیگز: