اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے فلسطینی صدر کے مذہبی مشیر محمود صدیقی الہباش اور مسجد اقصیٰ کے امام احمد حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی صدر ڈاکٹر محمود عباس کے لیے اپنا تہنیتی پیغام دیا اور پاکستانی عوام کی فلسطینی عوام کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کی بہادری اور قربانیوں کو سراہتا ہے، جو وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے اور غزہ میں انسانی امداد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
محمود صدیقی الہباش نے پاکستانی حکومت اور عوام کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر فلسطینی صدر کی طرف سے وزیراعظم کو ایک خط بھی پیش کیا گیا۔
یہ ملاقات اسلام آباد میں سیرت کانفرنس کے موقع پر ہوئی، جس میں محمود صدیقی الہباش فلسطینی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔