Get Alerts

پاکستان ہر مشکل میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم کا شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

پاکستان ہر مشکل میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم کا شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات میں غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کے موجودہ بحران میں سعودی عرب کے غیر معمولی تحمل اور مدبرانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ملک کے ساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی رکھتا ہے اور ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
یہ اہم ملاقات  وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی جانب سے کی جانے والی وسیع سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ  پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکہ و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے ولی عہد کے ساتھ حالیہ رابطوں، بالخصوص 12 مارچ کو جدہ میں ہونے والی ملاقات کا حوالہ بھی دیا۔
وزیراعظم نے   مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں   زیادہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے قریبی رابطے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔    
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورتحال پر سعودی عرب کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ٹیگز: