جدہ : وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی خوشگوار اور کامیاب ملاقات قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنی پائیدار سٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہاپاکستان نے اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور تاریخی امن مذاکرات میں کلیدی سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کی مدبرانہ قیادت اور علاقائی تناؤ کے دوران ان کے صبر و تحمل کو خصوصی طور پر سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے اور اس سلسلے میں سعودی عرب کی حمایت قابلِ تحسین ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے درج ذیل امور پر اتفاق کیا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر مشروط اور غیر متزلزل یکجہتی کی توثیق کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی اور ایمانی رشتوں کا مظہر ہے۔وزیراعظم نے اپنی مخلصانہ امن کوششوں کی بھرپور حمایت کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان برادر ممالک کے ساتھ مل کر خطے کو عدم استحکام سے نکالنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif meets Crown Prince and Prime Minister of Kingdom of Saudi Arabia, Prince Mohammed bin Salman bin Abdulaziz Al-Saud in Jeddah. 15 April, 2026. pic.twitter.com/1LxTVjwHDj
— Prime Minister's Office (@PakPMO) April 15, 2026