Get Alerts

نادرا میں غیر رجسٹرڈ سیلاب متاثرین کے لیے کمیٹی قائم کی جائے:وزیراعظم کی ہدایت

 نادرا میں غیر رجسٹرڈ سیلاب متاثرین کے لیے کمیٹی قائم کی جائے:وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے نادرا میں غیر رجسٹرڈ افراد کو مالی معاونت پہنچانے کی غرض سے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو آئندہ مون سون کے لیے ابھی سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔

جمعے کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیلابی صورتحال، امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں آنے والے سیلابی ریلے جنوبی پنجاب سے گزر رہے ہیں، اور پنجند کے مقام پر 10 سے 12 لاکھ کیوسک کے ممکنہ ریلے سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔

بریفنگ کے مطابق، اب تک ملک بھر میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ 4100 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیے 6300 ٹن سے زائد امدادی سامان اور 2400 سے زیادہ میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ بجلی کی بحالی کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور متاثرہ سڑکوں و پلوں کو آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ امدادی سرگرمیوں اور متاثرہ افراد کے انخلاء کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جائے۔ انہوں نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، پاک فوج اور دیگر ریسکیو اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

ٹیگز: