Get Alerts

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی قائم

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی قائم

لاہور : پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فوری اقدامات کرتے ہوئے ٹینٹ سٹی قائم کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرین کو گھروں کے قریب رہائش اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری میں فلڈ ریلیف کیمپ کے ساتھ ٹینٹ سٹی لگایا گیا ہے جہاں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عارضی ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا ہے۔ کوٹ خیرا میں بھی سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی قائم کر دی گئی ہے جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول احمد پور سیال میں بھی اس طرح کا انتظام کیا گیا ہے۔

ٹینٹ سٹی میں سیلاب متاثرین کے قیام و طعام کا شاندار انتظام کیا گیا ہے اور طبی سہولیات کے لیے ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی موجود ہے جو مفت ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فلڈ ریلیف کیمپ میں خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ ان کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔

پنجاب میں پانچ دریاؤں میں معمول سے زیادہ طغیانی کی وجہ سے 32 اضلاع کے ہزاروں گاؤں متاثر ہوئے ہیں۔ صوبے بھر میں تین ہزار 338 ریسکیورز اور 806 بوٹس کے ساتھ ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔ سیلابی ریلوں کی آمد سے پہلے 9 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 ہزار 620 افراد کا محفوظ انخلاء عمل میں آیا ہے۔

اسی طرح 6 لاکھ 11 ہزار سے زائد اینیمل بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں تاکہ زرعی وسائل اور جانوروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب ٹیم تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب میں متاثرین کی مدد اور ریسکیو ریلیف آپریشنز میں مصروف عمل ہے تاکہ ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مشکلات کم کی جا سکیں۔

 
 

ٹیگز: