واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ یومِ دفاع و شہداء عزم، شجاعت اور قربانی کی لازوال یادیں تازہ کرتا ہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر جبکہ عالمی امن کے لیے سفارت کاری ناگزیر ہے۔
سفیر پاکستان نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن ڈی سی میں سفارتخانہ پاکستان میں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں غیر ملکی سفارت کاروں، ملٹری و سروسز اتاشیوں، امریکی حکومت کے حکام اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے ہمیشہ غیر متزلزل عزم اور شجاعت کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا ہے، جبکہ پاکستانی عوام کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن معرکۂ حق کے بعد پاکستان کے بین الاقوامی تشخص میں مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اب ملک کو اپنی معیشت کو مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون دونوں ممالک کی پائیدار اور نتیجہ خیز شراکت داری کا اہم ستون ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق امن کے تحفظ کے لیے پاکستان کا اگلا اہم محاذ پائیدار اقتصادی خوشحالی کا حصول ہے۔