اسلام آباد: پاکستان نے سائبر سیکیورٹی کے میدان میں ایک بڑی دفاعی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ملک میں پہلی بار قومی سطح پر تھریٹ انٹیلی جنس (Threat Intelligence) کے انضمام اور تبادلے کا خودکار نظام فعال کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد حساس ڈیٹا اور قومی تنصیبات کو ڈیجیٹل حملوں سے محفوظ بنانا ہے۔
اس نئے فریم ورک کے تحت نیشنل سرٹ کے مقامی نظام کو براہِ راست پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) اور پاک فوج کے سائبر ڈویژن سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ اس تزویراتی اشتراک سے تینوں اداروں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کا عمل نہ صرف تیز بلکہ انتہائی مؤثر ہو گیا ہے، جس سے قومی سائبر دفاع کی دیوار مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
اس نظام کی سب سے اہم خصوصیت مالویئر انفارمیشن شیئرنگ پلیٹ فارم (MISP) کا قیام ہے۔ اس مقامی پلیٹ فارم کے ذریعے بیرونی انٹیلی جنس پر انحصار کم کرتے ہوئے ملکی صلاحیتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جدید سائبر خطرات اور مالویئر کی بروقت نشاندہی اور ان کے پھیلاؤ کو فوری روکنا ممکن ہو گیا ہے۔
مشترکہ انٹیلی جنس کی بدولت دشمن کے چھپے ہوئے سائبر حملوں کی پیشگی روک تھام (Proactive Defense) میں مدد ملے گی۔ حکام کے مطابق، اس مرکزی نظام کے ذریعے اہم قومی و سرکاری ویب سائٹس اور ڈیٹا بیسز پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ ریئل ٹائم تھریٹ ڈیٹیکشن سے نہ صرف سائبر حملوں کا اثر محدود ہوگا بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اداروں کے درمیان مربوط رابطہ کاری سے فوری جوابی کارروائی (Incident Response) کو یقینی بنایا جائے گا۔