تحریک عدم اعتماد مسترد، اسمبلی تحلیل: سپریم کورٹ از خود نوٹس پر آج پھر سماعت کرے گی

تحریک عدم اعتماد مسترد، اسمبلی تحلیل: سپریم کورٹ از خود نوٹس پر آج پھر سماعت کرے گی

اسلام آباد:وزیراعظم عمران  خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد  مسترد اور قومی اسمبلی  تحلیل کرنے کے معاملے پر ازخود نوٹس کی سماعت آج  بھی   ہو گی، سماعت کا آغاز دن 12 بجے ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں لارجر بینچ  معاملے پر سماعت کرے گا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا تھا کہ قائم مقام حکومت کا قیام عدالتی کارروائی سے مشروط ہے، آج کیس نمٹانا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید  کہا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے موقع پر پارلیمنٹ میں اکثریت موجود تھی، رولز کے تحت آئینی حق نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انکا کہنا تھا کہ عدالت آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ دے گی۔

یاد رہے کہ 3 اپریل بروز اتوار کو  قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کی جانب سے پیش کی گئی وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونا تھا جس کے لئے متحدہ اپوزیشن نے اپنے نمبر بھی پورے کر رکھے تھے تاہم  ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم  کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد  کو غیر ملکی سازش کا عنصر شامل ہونے پر مسترد کر دیا تھا۔ جس کے بعد وزیراعظم نے اپنے قوم سے خطاب میں بتایا کہ قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی ہے جس پر صدر علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔

بعد ازاں معاملے پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ازخود نوٹس لیا تھا ۔

مصنف کے بارے میں