وزیراعظم آج تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

 وزیراعظم آج تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف ہفتہ کو سعودی عرب کے دورے پرروانہ ہوگئے۔ پی ایم آفس پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق و زیراعظم محمد شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے۔

وزیراعظم عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف میں نماز ادا کریں گے۔

وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ملکوں کے رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں۔ پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے انتہائی احترام رکھتے ہیں۔

دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

شہبازشریف سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت  بھی دیں گے۔ وزیراعظم اور وفاقی وزراء عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے، روزہ رسول پر حاضری دیں گے۔

اس حوالے سےوزیر اطلاعات کا کہناہے،وزیراعظم اور تمام وزراء دورہ سعودی عرب کےاخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ سنبھالنے کےبعد شہبازشریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ 

مصنف کے بارے میں