حسن رضا مشکوک سرگرمیوں کے باعث قائد اعظم ٹرافی سے باہر

حسن رضا مشکوک سرگرمیوں کے باعث قائد اعظم ٹرافی سے باہر
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے حسن رضا قائد اعظم ٹرافی سے باہر ہوگئے۔حسن رضا کا کہنا ہے کہ وہ جلد پی سی بی سے رابطہ کرکے اپنی پوزیشن کلیئر کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کے مطابق دو ماہ قبل حسن رضا کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں بھارتی سٹے باز میچ فکسنگ کے طریقہ کار بتا رہا ہے، اس ویڈیو میں پاکستانی کرکٹر نے کچھ کہا تو نہیں لیکن وہ ساتھ بیٹھے صاف نظر آرہے ہیں، پی سی بی نے تاحال انھیں کوئی نوٹس بھیجا نہ ہی کسی انکوائری کا عندیہ دیا ہے، اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ وہ ایک عرصے قبل قومی ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں، موجودہ کیس میں شکوک کی بنیاد پر سرکاری ادارے کی ٹیم نے انھیں قائد اعظم ٹرافی کیلئے اپنے سکواڈ میں شامل نہیں کیا۔اس وقت اسلام آباد میں موجود حسن رضا کا کہنا ہے کہ وہ جلد پی سی بی سے رابطہ کرکے اپنی پوزیشن کلیئر کریں گے۔

یاد رہے کہ حسن رضا نے اکتوبر 1996میں ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو کیا تو عمر 15 سال سے بھی کم تھی،اس ریکارڈ کے سوا ان کے کیریئر میں کوئی چیز قابل ذکر نہیں،کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے انھیں 1999 کے بعد کوئی ون ڈے اور 2005 کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔طویل فارمیٹ کے 7انٹرنیشنل میچز میں حسن رضا نے 26.11 کی اوسط سے 235رنز بنائے ہیں،16ون ڈے میں انھوں نے 18.61کی اوسط سے 242رنز جوڑے، 232 فرسٹ کلاس میچز میں انھوں نے 44.70کی اچھی اوسط سے 13949رنز اسکور کیے تاہم اب انھیں ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی محروم ہونا پڑ گیا ہے۔