ممبئی: بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ پروپیگنڈا مہم کو خود بھارتی حکومت اور دفاعی اداروں نے جھوٹ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے، جس سے بھارتی میڈیا کی ساکھ پر ایک بار پھر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے جنگی طیارے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پرواز کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی فوج نے مبینہ طور پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ تاہم بھارتی خبر رساں ایجنسی ANI نے ان اطلاعات کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے تردید جاری کی ہے۔
بھارتی دفاعی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ نہ تو کسی غیر معمولی فضائی سرگرمی کی اطلاع ہے اور نہ ہی ایل او سی پر جنگ بندی کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ دیگر ریاستی اداروں نے بھی میڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی ان خبروں کو بے بنیاد اور زمینی حقائق سے لاعلمی پر مبنی قرار دیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ کو خود اس کے اپنے اداروں نے جھوٹا قرار دیا ہو۔ اس سے قبل "آپریشن سندور" کے دوران بھی غیر مصدقہ اطلاعات اور بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی خبروں نے بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچایا تھا۔
ماہرین کے مطابق بھارتی میڈیا اب ایک متحرک پروپیگنڈا مشین میں تبدیل ہو چکا ہے، جو ریاستی پالیسیوں اور جنگجویانہ ایجنڈے کے تحت خطے میں کشیدگی کو ہوا دیتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا اب صحافت سے زیادہ مخصوص مفادات کا ترجمان بن چکا ہے، جس پر نہ صرف عالمی سطح پر بلکہ خود بھارتی عوام کے اندر بھی اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔