Get Alerts

ٹائٹن آبدوز حادثے کی وجوہات سامنے آگئیں، امریکی کوسٹ گارڈ کی دو سالہ تحقیقاتی رپورٹ جاری

ٹائٹن آبدوز حادثے کی وجوہات سامنے آگئیں، امریکی کوسٹ گارڈ کی دو سالہ تحقیقاتی رپورٹ جاری

نیویارک : امریکی کوسٹ گارڈ نے ٹائٹن آبدوز کے حادثے سے متعلق اپنی دو سالہ تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے، جو 335 صفحات پر مشتمل ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حادثے کی بنیادی وجہ اوشین گیٹ کمپنی کے حفاظتی پروٹوکولز کی ناقص پاسداری اور مناسب معائنہ نہ ہونا تھا۔

18 اس المناک حادثے میں دو پاکستانیوں سمیت پانچ افراد جان بحق ہوئے تھے۔ ٹائٹن آبدوز میں موجود لوگوں کا مقصد 1912 میں ڈوبنے والے برطانوی بحری جہاز ٹائی ٹینک کے ملبے کا معائنہ کرنا تھا، جہاں تقریباً 1500 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کوسٹ گارڈ کی تحقیقاتی کمیٹی نے بتایا کہ اوشین گیٹ نے گہرے سمندر میں جانے سے قبل آبدوز کی مرمت اور معائنے کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے تحریری حفاظتی اقدامات اور عملی طریقہ کار میں نمایاں فرق تھا، جس کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا۔

کوسٹ گارڈ میری ٹائم بورڈ کے چیئرمین جیسن نیوباؤر نے بیان دیا کہ ایسے جدید تجربات کے دوران جہاں روایتی قوانین لاگو نہیں ہوتے، وہاں سخت نگرانی اور واضح ضوابط کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ اور پانچ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکتا تھا۔

تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کمپنی نے آبدوز کو گزشتہ کئی حادثات کے باوجود استعمال جاری رکھا، بغیر اس بات کا مناسب جائزہ لیے کہ آیا یہ کشتی گہرے سمندر کے لیے موزوں ہے یا نہیں۔

دوسری جانب، اوشین گیٹ کمپنی نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور کوسٹ گارڈ کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ٹیگز: