واشنگٹن :امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) نے ٹائٹینک کے ملبے کی جانب جانے والی آبدوز ٹائٹن کی تباہی کو ناقص انجینئرنگ، ناکافی جانچ اور کمپنی OceanGate کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آبدوز کا کاربن فائبر پریشر ویسل تکنیکی خامیوں سے بھرپور تھا اور اسے دباؤ برداشت کرنے کی مکمل جانچ کے بغیر زیرِ استعمال لایا گیا۔ ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹم بھی مؤثر ثابت نہ ہو سکا، جس کے باعث آبدوز کو بروقت سروس سے نہیں ہٹایا گیا۔
18 جون 2023 کو حادثے میں OceanGate کے سی ای او سٹاکٹن رش، پاکستانی نژاد شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ آبدوز میں ایک نشست کی قیمت 2.5 لاکھ ڈالر تھی۔
سانحے کے بعد کمپنی نے اپنے تمام آپریشنز معطل کر دیے، جبکہ متاثرہ خاندانوں نے قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔