اسلام آباد : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول مہنگا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل سستا کر دیا ہے۔ اس حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 333 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل 383 روپے 86 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 6 اگست سے ہوگا۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں مسلسل تین مرتبہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی، تاہم تازہ نظرثانی کے بعد پیٹرول کی قیمت میں دوبارہ اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کمی برقرار رکھی گئی ہے۔
حکومت نے خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ اسی پالیسی کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری کے بغیر یومیہ بنیاد پر نئی قیمتوں کا اعلان کرتی ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے نافذ قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
یاد رہے کہ 31 جولائی، 3 اگست اور 4 اگست کو بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔