بنکاک : تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 24 سالہ کھلاڑی سوفوان آوائے جاں بحق ہو گئے، جبکہ 12 دیگر فٹبالرز زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی کولوک کے سانتی پھاپ اسٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے ایک مقامی مقابلے کے دوران پیش آیا، جہاں اچانک آسمانی بجلی میدان میں آ گری۔
پولیس کے مطابق بجلی گرنے سے سوفوان آوائے شدید متاثر ہوئے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے فوری طور پر انہیں طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ زخمی کھلاڑیوں میں ایک ملائیشین فٹبالر بھی شامل ہے۔
سوفوان آوائے اس وقت سیمکولٹس ٹیم کی جانب سے کھیل رہے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں تھائی لینڈ کے تھرڈ ڈویژن کلب یالا ایف سی کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔
یالا ایف سی نے نوجوان کھلاڑی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی خدمات کو یاد کیا۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں بارشوں کے موسم کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، اور گزشتہ برسوں میں اس نوعیت کے کئی حادثات بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔