Get Alerts

روی کشن ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنی منفرد گفتگو اور اندازِ بیان کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئے

 روی کشن ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنی منفرد گفتگو اور اندازِ بیان کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئے

ممبئی : بھارتی اداکار اور بی جے پی کے رکنِ پارلیمنٹ روی کشن ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنی منفرد گفتگو اور اندازِ بیان کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی کئی ویڈیوز اور جملے انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں، جس کے باعث انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ’میم کنگ‘ بھی کہا جا رہا ہے۔

اتر پردیش کے شہر گورکھپور سے تعلق رکھنے والے روی کشن تین دہائیوں سے زائد عرصے سے فلمی دنیا سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے بھوجپوری، ہندی، تیلگو، کنڑ اور تامل فلموں میں کام کیا، جبکہ اب نئی نسل انہیں ان کے وائرل کلپس اور دلچسپ اندازِ گفتگو کی وجہ سے بھی پہچانتی ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین ان کی پرانی ویڈیوز کو نئے کیپشنز، مزاحیہ آڈیوز اور مختلف ایڈیٹس کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ان کی سیاسی اور عوامی سرگرمیوں کے دوران بننے والی نئی ویڈیوز بھی مسلسل وائرل ہو رہی ہیں، جو میمز کے لیے نیا مواد فراہم کر رہی ہیں۔

روی کشن کی ایک حالیہ ویڈیو خاص طور پر سوشل میڈیا پر مقبول ہوئی، جس میں انہیں پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں جب صحافی ان سے سوال کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ’مون ورت‘ پر ہیں، تاہم چند لمحوں بعد ہی میڈیا سے بات چیت شروع کر دیتے ہیں۔

اس مختصر کلپ نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی، جس کے بعد لوگوں نے اس پر مختلف میمز، ردعملی ویڈیوز اور مزاحیہ ایڈیٹس بنانا شروع کر دیے۔

ٹیگز: