ممبئی: بھارتی گلوکار اور ریپر بادشاہ کی اہلیہ، اداکارہ ایشا رکھی کی ایک مبہم سوشل میڈیا پوسٹ نے مداحوں میں ان کے ازدواجی تعلق سے متعلق چہ مگوئیوں کو جنم دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشا رکھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دو ویڈیوز شیئر کیں، جن میں سے ایک میں ان کی اور بادشاہ کی شادی کی جھلکیاں بھی شامل تھیں۔
ویڈیوز کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں لکھا، "ہر طوفان اپنے ساتھ ایک سبق لاتا ہے اور ہر دعا امید کی نئی کرن ہوتی ہے،" جبکہ اس کے ساتھ دعا کے لیے جوڑے ہوئے ہاتھوں کا ایموجی بھی استعمال کیا۔
یہ پوسٹ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جہاں صارفین نے اس کے مختلف مطلب نکالنا شروع کر دیے اور دونوں کے درمیان ممکنہ علیحدگی سے متعلق افواہیں گردش کرنے لگیں۔
رپورٹس کے مطابق ایشا رکھی نے اپنی ازدواجی زندگی یا تعلقات میں کسی اختلاف کا براہِ راست ذکر نہیں کیا، تاہم ان کے الفاظ اور ویڈیوز کے انتخاب نے مداحوں کو مختلف قیاس آرائیاں کرنے پر مجبور کر دیا۔
واضح رہے کہ بادشاہ اور ایشا رکھی کی شادی کی خبر رواں سال مارچ میں منظر عام پر آئی تھی۔
اس سے قبل بادشاہ کی شادی جیسمین مسیح سے ہوئی تھی، جو تقریباً آٹھ برس تک قائم رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوئی۔ سابق جوڑے کی ایک بیٹی بھی ہے۔