اسلام آباد: پاکستان نے آزاد کشمیر میں جمہوری عمل سے متعلق بھارت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اس معاملے پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی یا قانونی جواز حاصل نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کی حالیہ اندرونی صورتحال سے آگاہ ہے، تاہم پاکستان اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتا۔
ترجمان نے کہا کہ بنگلا دیش سے متعلق بھارت کی جانب سے دیا گیا بیان بھارت اور بنگلا دیش کا باہمی معاملہ ہے۔
طاہر اندرابی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب سے متعلق بتایا کہ وزیراعظم آج سے 8 اگست تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی، جن میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔