Get Alerts

سی بی ایس نیوز کی رپورٹ قیاس آرائی پر مبنی ہے، پاکستان نے امریکی و ایرانی طیاروں سے متعلق دعوے مسترد کر دیے

سی بی ایس نیوز کی رپورٹ قیاس آرائی پر مبنی ہے، پاکستان نے امریکی و ایرانی طیاروں سے متعلق دعوے مسترد کر دیے

اسلام آباد :دفتر خارجہ نے امریکی نشریاتی ادارے 'کولمبیا براڈ کاسٹنگ سسٹم' (سی بی ایس) کی اس رپورٹ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں پاکستان میں غیر ملکی طیاروں کی موجودگی کو غلط رنگ دیا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ میڈیا رپورٹ گمراہ کن ہے اور پاکستان کی سرزمین پر طیاروں کی آمد محض سفارتی عمل کا حصہ تھی۔
ترجمان کے مطابق ایران اور امریکہ کے طیاروں کی پاکستان آمد کا مقصد سفارتی عملے کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کرنا تھا۔ یہ طیارے مستقبل میں ہونے والے مذاکراتی مراحل کے پیشِ نظر عارضی طور پر یہاں موجود رہے، جس کا مقصد فریقین کے درمیان لاجسٹک معاونت کو یقینی بنانا تھا۔
پاکستان نے ان قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں ان طیاروں کو کسی عسکری تنازع یا ہنگامی صورتحال سے جوڑا جا رہا تھا۔ اعلامیے میں دو ٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ      پاکستان میں موجود ایرانی طیارے کا کسی قسم کی فوجی کارروائی یا ہنگامی الرٹ سے کوئی تعلق نہیں۔ 
    پاکستان اپنی غیر جانبدارانہ حیثیت پر قائم ہے اور کسی بھی ملک کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے اعادہ کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا تاکہ علاقائی استحکام برقرار رہ سکے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق دفتر خارجہ کا یہ بروقت بیان عالمی سطح پر پھیلنے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے، جس سے پاکستان کے غیر جانبدارانہ اور امن پسندانہ موقف کی ایک بار پھر توثیق ہوئی ہے۔

ٹیگز: