اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر نے وزیراعظم کو چین کے صدر شی جن پنگ کا خط پیش کیا، جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی خط پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی "آل ویدر اسٹریٹیجک شراکت داری" کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں، سیاسی جماعتوں اور پارلیمانوں کے مابین تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے قریبی تعلقات خطے میں تعاون اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔