باکو: پاکستان اور ترکیہ نے اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ بات باکو میں وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ملاقات میں سامنے آئی۔
ملاقات میں پاکستانی وزیرِاعظم اور ترک صدر نے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، خصوصاً مسلم دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو ایک جامع شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے، جس میں سیاسی، دفاعی، معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور عوامی روابط شامل ہوں گے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف بھی موجود تھے، جنہوں نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاک ترکیہ دوستی ہفتہ کی کامیاب تقریبات کی تعریف کی، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی عکاس ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ترکیہ کا وزارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔